نئی دہلی، 12؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) )دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین جناب مختار احمد نے اپنے ایک پریس بیانیے میں بتایا کہ سعودی حکومت کے فیصلے کے مطابق دو سال کے وقفے کے بعدحج2022 کے لیے سعودی باشندگان کے ساتھ دیگر ممالک کے عازمین بھی حج کی ادائیگی کرسکیں گے۔ بشرطیکہ عازمین حج کی عمر 65سال سے زائد نہ ہو۔اس صورت میں ایسے حضرات جنہوں نے حج2022کے لیے پہلے حج کے لیے درخواست دی ہے اور ان کی عمر 65سے سال سے زائد ہے ان کی درخواستوں کو منسوخ کرنا ہوگا۔
حج کمیٹی آف انڈیا سے جاری سرکلر نمبر12(Haj-2022)مورخہ09اپریل2022 کے مطابق 65سال سے زائد درخواستوںکی منسوخی کے بعد ان کی جگہ نئے فارم بھرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے جو 22اپریل2022تک جاری رہے گا۔ خواہشمند حضرات کے پاس 22اپریل2022تک کی تاریخ کا جاری کیا ہوا مشین ریڈیبل پاسپورٹ ہونا لازمی ہے۔ جبکہ پاسپورٹ کے قابل قبول ہونے کی میعاد حسب دستور31دسمبر2022ہی رہے گی۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین جناب مختار احمد کے مطابق حج کمیٹی کی جانب سے حج منزل ،ترکمان گیٹ آصف علی روڈ،نئی دہلی پر درخواست گذار عازمین کے لیے آن لائن فارم بھرنے اور جمع کرنے اور اس سلسلے میں مہیا سہولیات بدستور جاری رہےں گی۔کسی بھی پریشانی کی صورت میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے فون نمبر011-23230507پر بھی دفتری اوقات میں رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ اپنے گھر سے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ: www.hajcommittee.gov.inاورگوگل پلے اسٹور کے تحت موبائل ایپHaj Committee of Indiaپر بھی حج فارم آن لائن بھر ا جاسکتا ہے۔